مستند علوم القرآن کا مطالعہ تفسیر میں گمراہی سے بچاؤ کا ذریعہ، از مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ

تعارف: محدث العصر حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ نے یہ مختصر مضمون مولانامفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم کی مشہور کتاب ’’علوم القرآن ‘‘کے لیے لکھا تھا ،جو اس کتاب میں ’’تقریظ ‘‘کے طور پر شائع ہوا،اس مختصر سے مضمون میںعلوم قرآنی اور اصول تفسیر کے متعلق جامع ہدایات ورہنمائی کے ساتھ ساتھ سرسید احمد خان کی تفسیر ی غلطیوں پر تنبیہ بھی کی گئی ہے ۔

تقریظ

بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ رب العالمین ، والصلوۃ والسلام علی سیدنا محمد خاتم النبیین ، والہ وصحبہ اجمعین، امابعد:

قرآن کریم کے علوم پر عربی زبان میں عمدہ سے عمدہ قدماء ومتاخرین کی کتابیں آرہی ہیں ، لیکن ان سے زیادہ تر علماء ہی استفادہ کرسکتے ہیں ، اورزیادہ تر وہ کتابیں قدیم طرز، قدیم حاجات اور قدیم ذوق کے پیش نظر تصنیف کی گئی ہیں ، اور بلا شبہ ان کتابوں نے اس وقت کے تقاضوں کو بہت خوبی سے پیش کیا ، اورامت کو نفع پہنچایا ۔

دہلی میں جب سرسید احمد کی تفسیر وجود میں آئی اوران کی تصانیف شائع ہوئی ہیں ، اس تفسیر سے جو امت کے عقائد پر زد پڑی اورجدید نسل کے سامنے غیر واقعی نظریات پیش کیے گئے ، نبوت کو ’’کسبی‘‘ کہا گیا ، معجزات سے جنت ودوزخ ، ملائکہ وشیاطین کے وجود سے انکار کیا گیا ، اورقرآنی صداقت کے لیے جدید اصول تجویز کیے گئے ، حق تعالی نے مولانا عبد الحق دہلوی دیوبندی رحمہ اللہ کو کھڑا کیا ،’’ فتح المنان‘‘ کے نام سے عمدہ تفسیر لکھی ،اور ’’البیان فی علوم القرآن‘‘ کے نام سے بے نظیر مقدمہ لکھا، اور تفسیر کی پہلی جلد میں اس مقدمہ کی تلخیص کی گئی ، نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ اس ضرورت کوپورا کیا ،لیکن عرصہ دراز سے یہ ضرورت محسوس ہورہی تھی کہ جدید نسل کی رہنمائی کے لیے جدید انداز پر ایسی کتاب اور قرآنی حقائق کو واشگاف کرنےکے لیے ایک مبسوط مفصل مقدمہ لکھا جائے ،جس میں وحی اور نزول قرآن ، ترتیب نزول ، قراءات سبعہ ، اعجاز قرآن وغیرہ وغیرہ ،حقائق قرآنی کے ابحاث اس طرح بصیرت افروز انداز سے آجائیں جس میں مستشرقین کے اوہام ووساوس اورخرافات یا معاندانہ شکوک وشبہات کا تشفی کن مواد آجائے ،اور مستشرقین کی قیادت میں مستغربین (مغرب زدہ طبقہ) کے مزعومات کا بھی جواب آجائے ۔

الحمد للہ کہ اس عظیم اور اہم ترین مقصد کو ہمارے برادرمحترم مولانا محمد تقی صاحب عثمانی خلف الرشید حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب دامت حیاتہم المبارکہ نے بہت خوبی کے ساتھ ’’معارف القرآن‘‘ کا مبسوط مقدمہ تالیف کرکے اس دینی وعلمی ضرورت کو پورا کردیا ،اور امت پر احسان کیا ، حق تعالی ان کے علم ، ان کے قلم میں برکتیں عطا فرمائیں ،اور مزید توفیقات الہیہ سے سرفراز فرمائیں ،مقدمہ کا کچھ حصہ تو مسلسل دیکھا ، کچھ جستہ جستہ مقامات سے دیکھا، الحمد للہ کہ بہت خوش ہوا ،اور دل سے دعانکلی ۔

وفقنا اللہ وإیاہ لخدمۃ دینہ ابتغاء لوجہ الکریم ، وصلی اللہ علی سیدنا محمد سید العالمین وخاتم النبیین ، وعلی آلہ وأصحابہ وعلماء أمتہ أجمعین۔

محمد یوسف بنوری عفی عنہ
مدرسہ عربیہ اسلامیہ کراچی
جمعرات،۱۲؍جمادی الاولی ۱۳۹۶ھ

یہ مضمون انگریزی میں پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

3,634 Views

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!