قرآنی دعائیں مناجات انبیاء وصالحین
A Collection of the Holy Quran & the Prayers of the Prophets
قرآنی دعائیں : مناجات انبیاء وصالحین
قرآن کریم اور انبیاء کرام کی دعاؤں کا مجموعہ
ترجمہ آیات: حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب زید مجدہ
جمع وترتیب: مفتی عمر انور بدخشانی
استاذ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی
کتاب کا تعارف
پیش نظر کتاب کلام الہی یعنی قرآن کریم میں موجود دعاؤں کا مجموعہ ہے، اس کا پہلا حصہ ’’مناجات انبیاء‘‘ ان دعاؤں پر مشتمل ہے جو انبیاء کرام علیہم الصلاۃ والسلام کی زبانی قرآن کریم میں امت کو تعلیم دی گئیں ، جبکہ دوسرے حصہ ’’مناجات صالحین‘‘ میں قرآن کریم کی وہ دعائیں ہیں جو اللہ کے نیک، صالح اور مقبول بندوں کی زبانی امت کو سکھائی گئیں ہیں ۔
ان دعاؤں کے الفاظ اور معانی سے معلوم ہوتا ہے کہ انبیاء کرام نے کس طرح مشکلات میں اللہ تعالی کو پکارا ، اور اللہ نے ان کی فریاد اور دعا کو سن کر کس طرح نجات دی ، انبیاء اور صالحین کی دعائیں در حقیقت انسانوں کو سیدھا راستہ دکھانے اور مالک حقیقی کے ساتھ صحیح رابطہ قائم کرنے کے طریقہ کی تعلیم ہے ، ان کی سیرت کو اپناتے ہوئے ہمیں بھی ان دعاؤں کی تلاوت اور حفظ کرکے روز مرہ کی زندگی میں پڑھتے رہنا چاہیے۔
بے شک قرآنی دعائیں اپنی زندگی میں شامل کرنے والے بہت عظیم برکات سمیٹتے ہیں ، ایک طرف تو یہ قرآن کریم کے حفظ اور اس کی تلاوت کا اجر پاتے ہیں ، جس کے حرف حرف پر ثواب ہے ، دوسری جانب دعا کرانا بذات خود ایک سعید عمل ہے کہ یہ عبادت کا مغز اور جوہر ہے ، تیسری بات یہ کہ یہ اللہ تعالی کا ذکر ہے ، اور ذکر اللہ کی عظیم برکات میں سے ایک سکون قلب ہے ، ساتھ ہی ان دعاؤں کے ذریعے قرآن کریم سے ربط وتعلق پیدا کرنے کی ایک کوشش بھی ہے ، اس کے علاوہ بے شمار فوائد ہیں جن کی تفصیل یہاں ممکن نہیں ، اس مجموعہ میں قرآنی آیات کا ترجمہ حضرت ماموں محترم شیخ الاسلام جسٹس (ر) مفتی محمد تقی عثمانی صاحب زید مجدہم کے مشہور ومقبول ’’آسان ترجمہ قرآن‘‘ سے لیا گیا ہے ۔
دعاہے کہ اللہ تبارک وتعالی ہمیں قرآن کریم کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، اور اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبول عطا فرمائے ، آمین یا رب العالمین۔
عمر انور بدخشانی
استاذ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی
گوگل پلے اسٹور کے ذریعہ یہ کتاب اپنے موبائل میں انسٹال کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں
https://play.google.com/store/apps/details?id=dua.islaminsight.org