امکان ذاتی

(۱)جس شے کی یہ امکان صفت ہو اگر اس کا وجود بالفعل فرض کر لیا جائے تو باعتبار ذات کے کوئی محال لازم نہ آئے، اگرچہ علاوہ ذات کے کسی دوسرے امر سے محال لازم آئے یا نہ آئے، یا:
(۲)جس کا جانب مخالف واجب بالذات نہ ہو۔ اگرچہ واجب بالغیر ہو۔ مثلاً انسان میں کتابت کی امکان اور صلاحیت ہے۔ اگر اس کو بالفعل کتابت سے متصف مان لیا جائے تو نہ اس کی ذات کے اعتبار سے محال لازم آتا ہے۔ نہ کسی غیر کے اعتبار سے محال ضروری ہوجاتاہے۔ یا مثلاً فلا سفہ کے مسلک کے مطابق حق جل مجدہ‘ کی ذات عقل اول کی علت ہے اور عقل اول کا ممکن ہونا اس امر کو بھی مستلزم ہے کہ اس کا عدم بھی ممکن ہو اب اگر ہم بالفعل عقل اول کا عدم فرض اور تسلیم کر لیں تو خود عقل اول کی ذات کے اعتبار سے تو محال لازم نہیں آتا لیکن ذات باری تعالیٰ کے لحاظ سے محال لازم ہوجاتا ہے کیونکہ معلول کا عدم، علت تامہ کے عدم کو لازم ہے اور حق تعالیٰ کا عدم، محال ہے۔

error: Content is protected !!