لا ادریہ
ایک فرقہ ہے جو ہر چیز کے اثبات و نفی، اور ثبوت اور لا ثبوت کے علم کا انکار کرتاہے ،اور ہر سوال کے جواب میں کہہ دیتا ہے کہ ’’لاادری‘‘ یعنی میں نہیں جانتا، اس فرقے کے کچھ افراد مشککین کہلاتے ہیں۔ جو ہر سوال کے جواب میں کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں اس میں شک ہے، جب کہا جاتا ہے کہ اچھا شک کا تو اقرار کرتے ہو تو کہہ دیتے ہیں کہ اس شک میں بھی شک ہے تا آنکہ شک شک الشک اور شک، شک، شک الشک پر بھی تا لا الیٰ النہایۃ شک کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
بعض علمائے متکلمین نے ان کے اس شکی تسلسل سے زچ اور دق ہو کر تجویز کیا کہ ان سے عہدہ براں ہونے کی صرف یہ صورت ہے کہ ان کو دہکتی آگ میں ڈال دیا جائے اورپھر پوچھا جائے کہ آگ کا وجود ہے یا اب بھی شک ہے ؟ اگر اقرار کر لیں تو نکال لیا جائے ورنہ نذرآتش ہوجانے کے لئے چھوڑ دیا جائے۔