خلاصہ مضامین قرآنی قرآن کریم کے مضامین کا ترتیب وار خلاصہ

مستند خلاصہ مضامین قرآنی
تالیف: مولانا سلیم الدین شمسی

جمع وترتیب: مفتی عمر انور بدخشانی
تصدیق وپسند فرمودہ: مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب
مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد ولی حسن ٹونکی صاحبؒ
حضرت مولانا مفتی رشید احمد لدھیانوی صاحبؒ

کتاب کا تعارف

ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ قرآن کریم کی صحیح تلاوت ، سمجھے اور اس پر عمل کرے، چنانچہ اللہ تعالی نے اپنے منتخب بندوں سے مختلف صورتوں میں تفسیر وتشریح کے ذریعہ اس کی خوب خدمت لی اور ان شاء اللہ تا روز قیامت اس کی خدمت ہوتی رہے گی ، اللہ کے انہی خاص بندوں میں سے مولانا سلیم الدین شمسی بھی ہیں ، جنہوں نے زیر نظر کتاب میں پورے قرآن کریم کا خلاصہ انتہائی آسان اسلوب اور شستہ زبان میں رکوع وار بیان کردیا ہے۔

خلاصہ مضامین قرآنی طبع جدید کے ساتھ پیش خدمت ہے نئی طبع میں کتاب کی ترتیب وتنسیق میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں ، اس عنوان سے کتب خانوں میں کئی کتابیں موجود ہیں، لیکن اس کتاب کی نمایاں انفرادیت اور خاصیت یہ ہے کہ بر صغیر پاک وہند کے جید اکابر مفتیان عظام وعلماء کرام نے اس خلاصہ قرآن کی نظر ثانی فرماکر اس کی تصحیح وتصدیق فرمائی، کتاب کے موضوع کی اہمیت کے پیش نظر ان کے نام یہاں درج کیے جارہے ہیں

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحبؒ

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد ولی حسن ٹونکی صاحبؒ

حضرت مولانا مفتی رشید احمد لدھیانوی صاحبؒ

حضرت مولانا محمد متین خطیب صاحبؒ خطیب وناظم جامعہ دار العلوم کراچی

حضرت مولانا حامد علی صاحبؒ ناظم تعلیمات جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی

اسی طرح حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحبؒ نے بھی اس کتاب کی نظر ثانی کرکے اطمینان کا اظہار فرمایا جیسا کہ مفتی محمد شفیع صاحبؒ نے اپنی تقریظ میں لکھا ہے۔

اس موضوع پر مستند کتاب کی کافی قلت محسوس کی جارہی تھی ، اگرچہ  خلاصہ قرآن کے موضوع پر دیگر کتب بھی موجود ہیں، لیکن وہ صرف اور صرف علماء کے لیے ہیں ، عوام کا ان سے استفادہ کرنا انتہائی دشوار ہے ، راقم نے اس کتاب سے استفادے میں آسانی کے لیے کچھ اضافات کیے ہیں ، مثلا ہر رکوع رکوع کے شروع میں اس رکوع کی پہلی آیت شامل کردی ہے ، نیز بعض جگہ بہت اختصار تھا وہاں پر بھی اضافہ کردیا گیا ہے ،  اس نئی اشاعت میں کتاب کے آغاز میں حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب زید مجدہ کے مقدمہ تفسیر سے قیمتی مضمون ’’تفسیر قرآن کے بارے میں ایک شدید غلط فہمی‘‘ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے ، تاکہ بڑھتے ہوئے فتنوں کے اس دور میں خلاصہ قرآن اور اس جیسی دیگر کتب کے مطالعہ سے صحیح استفادہ کیا جاسکے، دعا ہے کہ اللہ تعالی اس کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، آمین۔

عمر انور بدخشانی ، جمادی الاخری ۱۴۳۲

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحبؒ کے تاثرات

قرآن کریم کو پڑھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کرانے کی ضرورت کسی مسلمان سے مخفی نہیں ، مگر یہ کام جس قدر ضروری اور اہم ہے اسی قدر احتیاط کا متقاضی ہے ، دنیا کی دوسری کتابوں کی طرح نہیں کہ اس کا جو مفہم جس کا جی چاہے بیان کرے ، یا اس کا خلاصہ مضمون نکال کر اس کو قرآن کی طرف منسوب کردے ، مولانا سلیم الدین صاحب شمسی نے ایک خاص انداز میں خلاصہ مضامین قرآنیہ کو جمع فرمایا، مجھے اس پر کلمات تقریظ لکھنے کی فرمائش کی ، احقر نے اپنی قلت فرصت کے سبب دار العلوم کراچی کے دو مدرس مولانا رشید احمد صاحب اور مولانا سلیم اللہ خان صاحب کو سپرد کیا اور ان حضرات نے اس کا مطالعہ کرکے بتلایا کہ اس تعارف مضمون میں کوئی بات ایسی نہیں پائی جو مفہوم قرآنی کے خلاف ہو ، اس سے اطمینان ہوا، لیکن اس کے ساتھ پڑھنے سننے والوں کویہ ہر وقت ملحوظ رہنا چاہیے کہ نہ یہ قرآن کا ترجمہ ہے نہ تفسیر کہ جس کے ذریعہ قرآن کے احکام اور معارف کو سمجھا جاسکے، بلکہ اس کا مقصد خود مصنف سلمہ کی تحریر کے مطابق یہ ہے کہ ’’زیر نظر خلاصہ قرآنی مضامین کا ایک مختصر تعارف ہے جو کم سے کم وقت میں قرآن مجید کے بعض طرز خطاب سے متعارف کرنے کا ایک ذریعہ ہے ، اس کو مطالعہ کرنے کے بعد قرآن کا ترجمہ اور تفسیر پڑھنا ایک مبتدی کے لیے آسان ہوجاتا ہے ۔

اس مقصد کے لیے بلاشبہ یہ تعارف مضامین یا فہرست مضامین قرآنیہ ایک نہایت مفید کتاب ہے ، شرط یہ ہے کہ اس کو اسی کے مقام پر رکھا جائے ، غلو نہ کیا جائے ، دعا ہے کہ اللہ تعالی اس کو نافع ومفید اور مقبول بنائے۔

بندہ : محمد شفیع عفی عنہ ، ۲ ربیع الاول۱۳۸۲

مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی ولی حسن ٹونکی صاحبؒ کے تاثرات

مولانا سلیم الدین شمسی کی تالیف تعارف مضامین قرآن کا جستہ جستہ مقامات سے دیکھنے کا موقعہ ملا، مولانا کا مقصد اس تالیف سے یہ ہے کہ قرآن کریم کے مضامین کا ایک مختصر سا تعارف اپنی بساط کے موافق لوگوں کے سامنے پیش کردیا جائے ، تاکہ لوگ مفہوم القرآن جیسی ملحدانہ کتابوں کے مقابلہ میں قرآن کریم کے صحیح مفہوم تک پہنچنے کی کوشش کریں ، کتاب ان شاء اللہ ایک حد تک مفید رہے گی ، بشرطیکہ اس کو اسی مقام پر رکھا جا ئے جو اس کا ہے ، واللہ الموفق

احقر ولی حسن عفی عنہ

دار الافتاء مدرسہ عربیہ اسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی

حضرت مولانا مفتی رشید احمد لدھیانوی صاحبؒ کے تاثرات

حامدا ومصلیا ومسلما ، اما بعد

بندہ نے مولانا سلیم الدین صاحب شمسی کی زیر نظر تالیف تعارف مضامین قرآن کو متعدد مقامات سے دیکھا ، باجماع مسلمین کتاب اللہ کا مفہوم وہی معتبر اور صحیح ہوگا جو رسول اللہ ﷺ اور رجال اللہ یعنی صحابہ ومن بعدہم نے سمجھا ہو، زیر نظر کتاب میں بیان کردہ مفہوم کو اس معیار پر صحیح پایا، پہلے پوری سورت کا خلاصہ اور پھر ہر رکوع کا مفہوم ماشاء اللہ اختصار کے ساتھ ایسے عام فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے کہ بہت معمولی استعداد رکھنے والے کے بھی ذہن نشین ہوجائے ، اور معمولی سی توجہ دینے سے ہر سورت کا اجمالی مفہوم حفظ بھی کیا جاسکتا ہے۔

اللہ تعالی مؤلف کی اس محنت کو اہل اسلام کے لیے نافع اور مؤلف کے لیے ذخیرہ آخرت بنائے اور شرف قبول سے نوازیں ، وما ذلک علی اللہ بعزیز۔

رشید احمد عفی عنہ از دار العلوم کراچی

یوم جمعہ ۲۴ صفر ۱۳۸۲

4,450 Views

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

error: Content is protected !!