عقیدہ نزول مسیح قرآن حدیث اور اجماع امت ، مولانا سید محمد یوسف بنوری
Aqeedah Nuzool e Maseeh
By: Maulana Syed Muhammad Yousuf Banuri
عقیدہ نزول مسیح علیہ السلام
قرآن، حدیث اور اجماع امت کی روشنی میں
از: محدث العصر حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوریؒ
جمع وترتیب: مفتی عمر انور بدخشانی
کتاب کا تعارف
پیش نظر رسالہ محدث العصر حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ نے آج سے اکیاون برس قبل یعنی 1374 ھجری میں سہ روزہ ’’صدق‘‘ لکھنو کے لیے تحریر فرمایا تھا ، جو کہ مولانا عبد الماجد دریا آبادی کی زیر ادارت نکلا کرتا تھا ، باعث تحریر کچھ یوں تھا کہ ہندوستان کے شہر جے پور کے ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والی شخصیت مولانا عبد الرحیم مجددی نے نزول مسیح کا انکار کیا اور ان کا موقف سہ روزق ’’صدق‘‘ میں شائع ہوا ، جس کے جواب میں حضرت بنوری رحمہ اللہ نے چھ قسطوں میں اس باطل نظریہ کی بھرپور تریدی کی اور قرآن ، حدیث ، اجماع امت اور اقوال فقہاء و محدثین کی روشنی میں عقیدہ نزول مسیح کی وضاحت پیش کی، چنانچہ آپ کا یہ مکمل مضمون بھی ’’صدق‘‘ میں شائع ہوا تھا ، حضرت بنوری رحمہ اللہ نے اس چھوٹے سے مقالے میں بیش بہا علمی نکات سمو دیے ہیں ، جو کہ حضرت ہی کا خاصہ تھا، اور بلاشبہ آپ امام العصر حضرت مولانا انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کے ان چند قابل فخر تلامذہ میں سے ہیں جن پر زمانہ صدیوں ناز کرے گا۔
آج سے اکیاون برس قبل کے اس مضمون اور اس رسالہ میں فرق صرف اتنا ہی ہے کہ عنوانات کا موضوع اور مناسبت کے اعتبار سے اضافہ ہے ، اور رسالہ کو چار ابواب میں تقسیم کردیا گیا ہے ، چنانچہ اب یہ جدید ترتیب و تبویب و تہذیب کے ساتھ پیش خدمت ہے ۔
دعا ہے کہ اللہ رب العزت اس کتاب کو مؤلف ، مرتب اور قاری ہر ایک کے لیے ذخیر آخرت بنائے ، آمین
محمد عمر انور
یکم رجب 1425ھ مطابق 18، اگست 2004
فاضل ومتخصص فی الفقہ الاسلامی
جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی